Sahih Bukhari Hadith No 4327 in Urdu
ہم سے محمد بن بشار نے بیان کیا، کہا ہم سے غندر (محمد بن جعفر) نے بیان کیا. ان سے شعبہ نے بیان کیا. ان سے عاصم بن سلیمان نے بیان کیا، انہوں نے ابوعثمان نہدی سے سنا کہا. میں نے سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے سنا. جنہوں نے سب سے پہلے اللہ کے راستے میں تیر چلایا تھا. اور ابوبکرہ رضی اللہ عنہ سے جو طائف کے قلعے پر چند مسلمانوں کے ساتھ چڑھے تھے. اور اس طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تھے۔
ان دونوں صحابیوں نے بیان کیا. کہ ہم نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا. آپ فرما رہے تھے کہ جو شخص جانتے ہوئے. اپنے باپ کے سوا کسی دوسرے کی طرف اپنے آپ کو منسوب کرے. تو اس پر جنت حرام ہے۔ اور ہشام نے بیان کیا اور انہیں معمر نے خبر دی. انہیں عاصم نے، انہیں ابوالعالیہ یا ابوعثمان نہدی نے. کہا کہ میں نے سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ اور ابوبکرہ رضی اللہ عنہ سے سنا. کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، عاصم نے بیان کیا
کہ میں نے ( ابوالعالیہ یا ابوعثمان نہدی رضی اللہ عنہ ) سے کہا آپ سے یہ روایت ایسے دو اصحاب ( سعد اور ابوبکرہ رضی اللہ عنہما ) نے بیان کی ہے کہ یقین کے لیے ان کے نام کافی ہیں۔ انہوں نے کہا یقیناً ان میں سے ایک ( سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ ) تو وہ ہیں جنہوں نے اللہ کے راستے میں سب سے پہلے تیر چلایا تھا اور دوسرے ( ابوبکرہ رضی اللہ عنہ ) وہ ہیں جو تیسویں آدمی تھے ان لوگوں میں جو طائف کے قلعہ سے اتر کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے تھے۔
